ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / ایس ایس ایل سی امتحان کے نتائج کی بنیاد پر اضلاع کی رینکنگ جاری نہیں ہوگی: وزیر تعلیم سریش کمار

ایس ایس ایل سی امتحان کے نتائج کی بنیاد پر اضلاع کی رینکنگ جاری نہیں ہوگی: وزیر تعلیم سریش کمار

Sat, 04 Jan 2020 00:39:14    S.O. News Service

بنگلورو،3/جنوری(ایس او نیوز) ریاستی وزیر ابتدائی وثانوی تعلیم سریش کمارنے کہاکہ اس سال کے ایس ایس ایل سی امتحانات کے نتائج میں اضلاع کی رینکنگ جاری نہیں کرنے پر غور کیاجارہاہے، اس سلسلہ میں ایک دودن میں حتمی فیصلہ کیاجائے گا۔ انہوں نے کہاکہ اس طرح کی رینکنگ سے طلباہ پر منفی اثرات پڑتے ہیں اس لئے اس پر روک لگانے یامطالبہ کیاجاتارہاہے۔ واضح رہے کہ ایس ایس ایل سی کے امتحانات میں کامیاب ہوئے طلبا کی بنیاد پر اضلاع کو رینکنگ دی جاتی ہے، بتایاجاتاہے کہ رینکنگ فہرست میں اول مقام حاصل کرنے کے لئے اضلاع کے درمیان مقابلہ ہوتاہے۔ کئی اضلاع فہرست میں اونچا مقام حاصل کرنے کے لئے طلبا کو امتحانات میں نقل کے لئے مواقع فراہم کرتے ہیں۔ رینکنگ کی بنیاد پر ہی اضلاع میں اسکولوں کا معیار طے ہوتاہے۔ اس کے علاوہ کم رینکنگ حاصل کرنے والے اضلاع اوراسکولوں کے طلبا پست ہمتی کا شکار ہوتے ہیں۔ ماہرین کی بھی رائے ہے کہ امتحانات میں نتائج کی بجائے اسکولوں کے تعلیمی معیار کی بنیاد پر اضلاع کی رینکنگ طے کی جائے وزیرتعلیم نے کہاکہ امتحانات کے نتائج کو لے کر کسی بھی ضلع کے طلبا کودباؤ میں ڈالنا مناسب نہیں ہوگا۔ واضح رہے کہ سال 2019میں 8لاکھ 25ہزار 468طلبانے ایس ایس ایل سی کاامتحان دیا۔ اس میں سے 6لاکھ 8ہزار 336طلبا کامیاب ہوئے سال 2020میں 8لاکھ 45ہزار 918طلبانے امتحان کے لئے رجسٹریشن کروایاہے۔وزیرتعلیم نے کہاکہ امتحانات کے دوران پرچوں کے افشاہونے پرروک لگانے کے لئے جدیدٹکنالوجی کاسہارا لیاجائے گا۔ اور روایتی طورپرامتحانی پرچے اسکولوں تک پہنچانے کی بجائے آن لائن کے ذریعہ اسکولوں کو پرچے فراہم کرنے پر غور کیاجارہاہے۔ انہوں نے کہاکہ ایس ایس ایل سی امتحانات کے لئے ابھی تقریباً80دن باقی ہیں طلبا کے دلوں سے امتحان کاخوف نکالنے کے لئے محکمہ تعلیمات کی طرف سے کئی اقدامات کئے جارہے ہیں۔


Share: